میراجسم میری مرضی کا نعرہ انتہائی بے غیرتی ہے:عبدالحلیم نعیمی

کراچی ( نیوز رپورٹر ) میراجسم میری مرضی کا نعرہ انتہائی بے غیرتی کی علامت  اور اللہ تعالی کی ناراضگی کو دعوت دینے کے مترادف ہے،گستاخی کی مرتکب عورتوں کوسخت سے سخت سزادی جائے۔یہ باتیں ممتازماہر تعلیم اور جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ماسٹر عبدالحلیم نعیمی نے صاحبدادگوٹھ ملیر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی معاشرے میں ایسی بے غیرتی اور بے حیائی کی کوئی گنجائش نہیں حکومت کو فوری نوٹس لیناچاہئے اور ایسے بیہودہ مارچ کو ہمیشہ کے لئے بندکردیناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ عورت مارچ میں ہونے والی گستاخی سے کروڑوں عاشقان رسولﷺ کو تکلیف پہنچی ہے اور امت مسلمہ کا ہر فرد سراپااحتجاج ہے،جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر کی ہدایت پر جمعہ 26مارچ کو یوم حرمت اسلام منائیں گے۔انہوں نے کہاکہ عورت مارچ میں اسلام کے خلاف سرعام گستاخی کی گئی مگر حکمران ابھی تک خاموشی کی تصویر بنے بیٹھے ہیں،لیکن پاکستان کے غیورمسلمان ہرگز خاموش نہیں بیٹھیں گے، ہر سطح پرصدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔انہوں نے تمام کارکنان کو ہدایت کی کہ 26مارچ کو ملک گیر یوم حرمت اسلام کی بھرپورتیاری کریں ۔

ای پیپر دی نیشن