احتساب مذاق،مختلف جماعتوں سے اکٹھے جاگیر دار وڈیرے اڑھائی سال میں ایکسپوز:سراج الحق

Mar 22, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پرانے مستریوں سے نیا پاکستان بنانے چلی تھی مگر ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ گئی۔ وزیراعظم نے تبدیلی کے نام پر ایک ایسا انجن تیار کیا جس کے کچھ پرزے ٹریکٹر اور موٹر سائیکل کے اور کچھ ہیلی کاپٹر کے ہیں۔ مشرف لیگ، نون لیگ، پی پی سے اکٹھے کیے ہوئے جاگیردار اور وڈیرے ڈھائی برسوں میں ہی ایکسپوز ہوگئے۔ وزیراعظم نے قوم سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ غریب کے لیے عدالتوں میں انصاف نہیں، ہسپتالوں میں علاج نہیں۔ وی آئی پی کلچر عروج پر پہنچ گیا۔ احتساب کے نعرے مذاق بن گئے۔ جماعت اسلامی ظلم اور استحصالی نظام سے عوام کو نجات دلانا چاہتی ہے۔ قوم سے اپیل ہے کہ خوشحال پاکستان کے حصول کے لیے ہمارا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں مہنگائی، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف ایک بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے حکومت کو عوام کے لیے ویکسینیشن کا انتظام نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کرونا فنڈکا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سونامی مکمل طور پر خس و خاشاک کی طرح بہہ گیا۔ موجودہ حکومت، سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا تسلسل اور سٹیٹس کو کی علامت ہے۔ یہ لوگ بھی چاہتے ہیں کہ ادارے ان کے تابع ہو جائیں۔ عدالتیں ان کی مرضی سے فیصلے کریں۔ میڈیا ان کے اشاروں پر کام کرے اور نیب صرف حکومت کے لیے کام کرے۔ جب تک نظام تبدیل نہیں ہوگا، ملک خوشحال نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اس طرح کا پاکستان چاہتی ہے جس میں محمود و ایاز ایک صف میں ہوں۔ پاکستان کی ریاست مدینہ کی ریاست کی عملی تصویر بنے۔ اس موقع پر نوجوانوں اور مقامی سیاست دانوں کی ایک بڑی تعداد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کی۔

مزیدخبریں