گندم کے نرخوں میں اضافہ‘ کاشتکار کوحق ملے گا:عبدالعلیم خان

Mar 22, 2021

لاہور(نیوزرپورٹر)سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گندم کی قیمت میں اضافے پر وزیر اعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں جن کے اس اقدام کے باعث ایک سال میں گندم کے سرکاری نرخوں میں 400روپے فی من کا اضافہ ہوا اور اب پنجاب حکومت کسانوں سے 1800روپے فی من کے حساب سے گندم خریدے گی۔سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر گندم کی قیمت میں اضافے کے باوجود آٹا مہنگا نہیں ہوگا اور صوبائی حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ سارا سال رواں نرخوں پر صارفین کو آٹے کی فراہمی جاری رہے۔پنجاب حکومت سستے آٹے کے لئے مسلسل سبسڈی فراہم کر رہی ہے اور اب تک سبسڈی کی مد میں 80ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے جس کے باعث پنجاب بھر میں آٹے کا تھیلا مقررہ قیمت860روپے میں فروخت کیا جاتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی پنجاب کے تمام اضلاع میں اسی قیمت پر وافر مقدار میں آٹا دستیاب ہے۔سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا گندم کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ تاریخی ہے جس سے 70فیصد دیہی آبادی مستفید ہو گی اور کاشتکاروں کو نہ صرف اپنی محنت کا بہترین معاوضہ ملے گا بلکہ انہیں مزید خوشحالی میسر آئے گی۔

مزیدخبریں