کراچی(اسپورٹس رپورٹر ) پی ایس ایل میں‘‘ببل ٹربل’’سے بچنے کیلیے سائنسی طریقوں کا سہارا مل گیا جب کہ یہ ذمہ داری برطانوی کمپنی ریسٹریٹا کو سونپنے کا امکان روشن ہوگیا۔کراچی میں پی ایس ایل 6کو کورونا کیسز کی وجہ سے14میچز کے بعد ہی روک دیا گیا تھا،اس دوران بائیو ببل پر سوال بھی اٹھائے گئے کہ ناکافی انتظامات کی وجہ کرکٹرز وائرس کی زد میں آئے، میڈیکل کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا،تنقید کے بعد پی سی بی نے بھی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ بائیو ببل کی ذمہ داری کسی غیرملکی کمپنی کو سونپنے کا فیصلہ کر لیا، ایونٹ کے بقیہ میچز کیلیے فرنچائزز سے مشاورت جاری ہے۔اب تک کی اطلاعات کے مطابق 23 مئی کو قرنطینہ اور جون کے اوائل میں میچز کا آغاز ہوگا، فائنل20 تاریخ کو کھیلا جائے گا، البتہ ابھی اس پروگرام میں ردوبدل ممکن ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کم وقت اور ماہر کمپنیز کی کمی کے سبب پی سی بی بغیر ٹینڈر کے ہی بائیو ببل کی ذمہ داری ایک برطانوی کمپنی ریسٹریٹا کو سونپنے پر غور ہو رہا ہے، اس حوالے سے ابتدائی بات چیت بھی ہو چکی، مذکورہ کمپنی کو بائیو ببل کی تشکیل کا خاصا تجربہ حاصل ہے، انگلش کرکٹ بورڈ، آئی پی ایل، ٹی ٹین لیگ و دیگر نے اس کی خدمات حاصل کی تھیں، ایک مسئلہ اخراجات کا بھی ہے،فرنچائزز ویسے ہی نقصانات کا رونا روتی رہتی ہیں۔ابھی بورڈ نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ بائیو ببل کی کروڑوں میں فیس کون ادا کرے گا،غیرملکی کھلاڑیوں کی دوبارہ آمد پر سفری و دیگر اخراجات کے حوالے سے فیصلہ نئے ڈرافٹ کے بعد ہوگا، بعض فرنچائزز چاہتی ہیں کہ پی سی بی اس میں حصہ ڈالے،گوکہ ابھی تک شیڈول کو فائنل نہیں کیا گیا لیکن بورڈ ایک ہفتے میں ایسا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
بائیو ببل کی ذمہ داری برطانوی کمپنی کو سونپنے کا فیصلہ
Mar 22, 2021