دنیا کے مختلف میں کئی محققین یہ ثابت کرچکے ہیں کہ وہ بچہ جس کی بنیادی تعلیم مادری زبان میں ہو دوسری زبانوں کو بھی آسانی سے سیکھ لیتا ہے۔ بچے میں کئی زبانیں سیکھنے کی خداداد صلاحیت ہوتی ہے لیکن زبانوں پر اس کی گرفت تب مضبوط ہوتی ہے اگر اس کی بنیادی تعلیم کا ذریعہ مادری زبان ہو۔ اس لئے اگر پاکستان کے ہر علاقے میں بنیادی تعلیم مادری زبانوں میں دی جائے تو اس سے نہ تو رابطے کی زبان اردو سیکھنے میں کوئی خلل پڑے گا اور نہ ہی قومی وحدت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ہندوستان کی جنوبی ریاستوں نے بہت تیزی کے ساتھ ترقی کی ہے اور یہ وہی ریاستیں ہی جہاں مادری زبانوں کی جڑیں بہت گہری ہیں۔ پچھلی چند دہائیوں کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو واضح ہوجاتا ہے کہ ان ملکوں نے تیزی سے معاشی ترقی کی ہے جن میں مادری زبانوں کی ترویج کی گئی اور ان کو ذریعہ تعلیم بنایا گیا۔ جاپان، چین، جنوبی کوریا اور صنعتی لحاظ سے ترقی کرنے والے کئی دوسرے ممالک میں مادری زبانوں کو ذریعہ تعلیم بنایا گیا۔ اس کے الٹ پاکستان جیسے کچھ ملکوں میں مادری زبانوں کو نظر انداز کیا گیا اور یہ ملک ترقی کے سفر میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ اگر چہ زبان ہی اس کی واحد وجہ نہیں ہے لیکن زبان کے بارے میں پائے جانے والے مغالطے بھی اس کا ایک سبب ہیں۔
پاکستان میں ہر چیز کے لئے شارٹ کٹ اختیار کیا جاتا ہے۔ لسانی پہلو سے یہ شارٹ کٹ انگریزی کو زریعہ تعلیم بنا کر اپنایا گیا ہے۔ دیہاتوں ، قصبوں اور شہروں کے محلوں میں ہر جگہ انگریزی میڈیم اسکول کھل گئے ہیں۔ حکومتیں بھی یہ نوید دیتی رہتی ہیں کہ سرکاری اسکولوں میں بھی پہلے درجے سے انگریزی زبان پڑھائی جائے گی ۔ گویا کہ یہ تسلیم کر لیا گیا ہے کہ مادری زبان کی بجائے انگریزی کو ذریعہ تعلیم بنانے سے ملک تیزی کے ساتھ ترقی کرے گا۔ اب یہ سارا کچھ کئی دہائیوں سے جاری و ساری ہے لیکن کیا اس سے پاکستان میں تعلیمی معیار بہتر ہوا ہے یا عوامی شعور میں کوئی مثبت تبدیلی آئی ہے؟ ظاہر بات ہے کہ نہ تو خواندگی کی شرح میں بہتر ی آئی ہے اور نہ ہی معیار تعلیم بہتر ہوا ہے۔ اس کے الٹ جن ملکوں میں انگریزی کی جگہ مادری زبان کو ہی ترجیح دی گئی تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہے ہیں۔کوئی بھی قوم اُس وقت تک زندہ رہتی ہے جب تک وہ اپنی روایات کو زندہ رکھتی ہے اور یہی نہیں بلکہ مستقبل پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے ماضی کا رشتہ بھی حال سے ٹوٹنے نہیں دیتی جبکہ قوموں کی شناخت ان کی زبانوں سے ہوتی ہے۔ صوبے میںبولی جانے والی تمام زبانیں ایک گلدستے کی مانند ہیں سب کا ایک رنگ اور خوشبو ہے ہمیں اپنی مادری زبان پر احساس کمتری کی بجائے اس پر فخر کرنا چاہئے صوبہ خیبر پختونخوا میں تیس کے قریب زبانیں بولی جاتی ہیں۔ خیبر پختونخواکے مختلف حصوں میں بولی جانے والی تیس زبانوں میں اردو،ہندکو،پشتو، بدیشی، بتیری، چیلیسو، دمیلی، گوری، گواربتی، گاورو، گوجری، انڈس کوہستانی، کلاشہ، کلکوتی، کمویری، کٹاویری،خواڑ،مداگلاشتی، پہاڑی، پلولا،پاشئی،پرشین، سرائیکی، سراقولی،شینا، توروالی، اورموڑی،اوشوجو،واخی اور یدغاشامل ہیں۔خیبر پختونخوا کی حکومت صوبے کی 30زبانوں کے فروغ اور ترویج کیلئے ایک کلچر پالیسی بنائے جو صوبے کی ثقافت کو زندہ رکھے۔ہمارا صوبہ خیبرپختونخواپاکستان کا نہایت اہم صوبہ ہے جہاں پر اللہ تعالیٰ کے بے شمار قدرتی خزانے موجود ہیں یہاں کے لوگ نہایت ملنسار، مہمان نواز، جفاکش اور محنتی ہیں ثقافت کے لحاظ سے اس صوبے کی اپنی انفرادی پہچان ہے یہاں پر کئی اہم شخصیات پیدا ہوئیں جنہوں نے اپنی فنی اور تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ہمارے ہندکووانوں میں ایک بیماری دیکھنے میں آئی ہے کہ لوگ اپنے بچوں سے اپنی ماں بولی میں بات نہیں کرتے۔ آج سائنس نے بہت ترقی کر لی ہے، سائنسدان کہتے ہیں کہ بچہ اپنی ماں کے پیٹ میں زبان سیکھنا شروع کر دیتا ہے لیکن جب وہ ماں کے پیٹ سے باہر آتا ہے اور والدین اس کے ساتھ کوئی اور زبان بولتے ہیں تو وہ ’’ڈوڈر کاں‘‘ بن جاتا ہے اور اس کی بول چال کا قدرتی سٹرکچر کمزور ہوجاتا ہے، سائنس یہ بھی بتاتی ہے کہ انسان کا نام زبان اور زبان کا نام انسان ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا کا دل پشاور اس بات کا گواہ ہے کہ ہندکو زبان صوبہ خیبر پختونخوا کا اصل سرمایہ ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پشاور کے تمام علاقوں ،شاہراہوں،اور تاریخی جگہوں کے نام ہندکو زبان کے الفاظ سے رکھے گئے ہیں یا ہندکووانوں کے نام سے ماخوذ ہیںاور یہ ہندکووان کاغان کی چوٹیوں سے لے کر ڈی آئی خان کے ریگستانوں تک لاکھوں کی تعداد میں موجود ہیںعلاوہ ازیں ہندکو زبان بولنے والے دنیا کے ہرکونے اور ہر ملک میں موجود ہیں ایک اندازے کے مطابق ہندکووانوں کی پاکستان میں کل تعداد تقریباً80 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور صوبہ خیبر پختونخوا میں یہ عظیم زبان بولنے والے کل آبادی کے 40 فیصد بنتے ہیں۔لیکن نہایت افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ ہندکو زبان کے ساتھ ہمیشہ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک ہوتا آیا ہے کبھی قومی ٹی وی چینل سے اس زبان کے پروگراموں کو ختم کیا گیا ہے تو کبھی قومی مردم شماری و دیگر فارموں میں ہندکو زبان کو نظر انداز کیا گیا ہے حالانکہ ہندکو زبان صوبہ خیبر پختونخوا کی دوسری بڑی بولی جانے والی زبان ہے اور اس کی اپنی ایک بہت بڑی تاریخ اور اہمیت ہے جس کا ذکر اس چھوٹے سے کالم میں نہیں سما ء پائے گا۔ گندھارا ہندکو بورڈ نے اپنی ماں بولی ’’ہندکو‘‘ زبان کو اپنا کھویا ہوا مقام واپس دلانے اور اسے دیگر اہم زبانوں کی طرح تسلیم کروانے کا بیڑا اپنے سر لیا ہوا ہے اور اس پلیٹ فارم کی سبھی شخصیات رات دن اپنے لاکھوں ہندکووانوں کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے مگن ہیں۔ انہی ہندکووان سپوتوں میں پرتھوی راج ، یوسف خان (دُنیا کیلئے دلیپ کمار)، شاہ رخ خان، راج کپور،پروفیسر خاطر غزنوی، محسن احسان، احمد فراز، پطرس بخاری، گل جی، احمد علی سائیں ،بردہ پشور اور اسی طرح کے دوسری بہت سی شخصیات شامل ہیں جو کہ ہندکو کی شان ہیں ۔ علاوہ ازیں اہلِ قلم سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ بھی ایسے قومی اور مشترکہ ایشوز پر قلم اٹھائیں کیونکہ مادری زبانیںہی قوموں کوزندہ رکھتی ہیںاگر ہم نے اپنی زبان کا ساتھ نہ دیا اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا تو تاریخ ہمیں نظر انداز کر دے گی اورآنے والی تاریخ میں کہیں بھی ہمارا نام و نشان باقی نہیں رہے گا۔
مادری زبانوں کی اہمیت
Mar 22, 2021