اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان نے قوم کی جانب سے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا ہے۔ اتوار کو وزیراعظم عمران خان سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر اپنی آئسولیشن کی تصویر شیئر کردی ہے۔ کرونا میں مبتلا وزیراعظم عمران خان نے فیس بک پر اپنے آفیشل پیج پر آئسولیشن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے قوم کے نام پیغام میں لکھا کہ نیک خواہشات پر عوام کا شکریہ۔ وزیراعظم عمران خان کے آفیشل فیس بک پیج پر ان کی ایک حالیہ تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں وہ ایک صوفے پر بیٹھے اپنے گھر کے لان کا نظارہ کر رہے ہیں۔ اس تصویر میں وزیراعظم سفید شلوار قمیض میں ملبوس ہیں اور صحتمند نظر آ رہے ہیں۔ عوام کیساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ میں دعائیں کرنے اور نیک تمنائوں کے اظہار پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان قرنطینہ کے دوران ویڈیو کانفرنس کے ذریعے دفتری امور انجام دیں گے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور خاتون اول میں کرونا کی معمولی علامات ہیں۔ وزیراعظم اور خاتون اول سب کی دعائوں اور نیک خواہشات کے مشکور ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے فیس بک پر شیئر کی گئی تصویر پر عوام کی بڑی تعداد اپنے کمنٹس کا اظہار کر رہی ہے۔ ابھی تک اس تصویر کو 50 ہزار سے زائد لائیکس مل چکے ہیں۔