کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گرو پ(یو بی جی)کی مرکزی کورکمیٹی نے یو بی جی کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک کے استعفوں کو مسترد کرتے ہوئے دونوں سینئرترین بزنس لیڈران پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یو بی جی فیڈرل کور کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا،اجلاس میں ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک نے کمیٹی کے اراکین سے کہا کہ وہ دونوں یو بی جی میں اپنے عہدوں سے مستعفی ہورہے ہیں اور انکی جگی کمیٹی کسی بھی اہل شخصیات کو منتخب کرلے تاہم کورکمیٹی کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کے استعفوں کو سختی سے مسترد کر دیا اور دونوں رہنمائوں کے استعفے ناقابل قبول واپس کر دیے گئے اوریہ فیصلہ کیا گیا کہ دونوں لیڈران کو یو بی جی کی قیادت کرتے رہیں گے۔یو بی جی ترجمان گلزارفیروز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یو بی جی کورکمیٹی کااجلاس صدر زبیرطفیل کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ایس ایم منیر،تنویرشیخ،ریاض الدین شیخ،ظفربختاوری،سینیٹر عبدالحسیب خان، خالدتواب،حنیف گوہر،ملک سہیل حسین،مرزااختیار بیگ، ثمینہ فاضل، عبدالسمیع خان،علی حسام اصغر،میاں زاہد حسین،نوراحمدخان، ڈاکٹر نعمان بٹ،عامرعطا باجوہ، کریم عزیز ملک،غضنفربلور،عبدالرئوف مختار، احمدچنائے،قاضی اکبر اوردیگر رہنما شریک تھے۔ کورکمیٹی کے اجلاس میںیو بی جی ٹیم ممبران کو اہم ذمہ داریاں دی گئیں اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ یو نائٹیڈ بزنس گروپ ایف پی سی سی آئی انتخابات کے دوران قانونی چارہ جوئی کرنے کے بجائے ووٹرز کی فہرست میں تمام بوگس ووٹوں کو منسوخ کروانے کے لیے جدوجہد کرے گا ۔ایس ایم منیر نے کورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ یو بی جی پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور پرعزم بن کر ابھررہاہے، اورہمارا عزم ہے کہ یو بی جی کے تمام کارکنان اپنے گروپ کے ذریعہ ملک بھر کی کاروباری برادری کی بلاامتیاز خدمت اورکاروبار دوست ماحول کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری ایک بار پھر یو بی جی کی جانب دیکھ رہی ہے کیونکہ یو بی جی کی قیادت نے اپنے کردار اور اپنے کام سے ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کے دل جیتے ہیں اور انہیں متحدکیا ہے، ہماری ٹیم نے ملک بھر میں تاجرنمائندوں سے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے ۔ صدریو بی جی زبیرطفیل نے کہا کہ ہمارا گروپملک بھر کے تمام کاروباری اداروں اور نمائندوںکو یکساں اہمیت دیتا ہے اور ہم نے ایف پی سی سی آئی میں اقتدار میں رہتے ہوئے بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے پر مکمل توجہ دی یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی کاروباری برادری یو بی جی کے بینر تلے متحد ہے۔یو بی جی کے سیکریٹری جنرل ظفربختاوری نے کہا کہ یو بی جی کے تمام کارکنان یہ عزم رکھتے ہیں کہ وہ اپنے گروپ کے ذریعہ ملک بھر کی کاروباری برادری کی بلاامتیاز خدمت اورکاروبار دوست ماحول کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یو بی جی کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ یو بی جی کی قیادت پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی سے رابطے میں ہے اور تمام ہی شہروں میں یو بی جی کے عہدیدار وممبران رابطہ مہم میں تیزی لارہے ہیں۔