کراچی(کامرس رپورٹر) ایکسپورٹ پراسسنگ زون میں جنرل سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کاانعقاد یقینی بنانے کے لئے سرمایہ کاروں کی سہولت کومدنظر رکھا جائے گا ۔ ٹیکس کے حصول میں درپیش مشکلات کو آسان بنانے کے لئے تین رکنی کمیٹی جس میں چیف کلیکٹر کسٹمز، چیف کمشنر اور چئیرمین اپزا شامل ہونگے، قائم کردی گئی ہے۔کمیٹی کے قیام کا مقصد جی ایس ٹی اور انکم ٹیکس کے حصول میں حائل مشکلات کو کم سے کم کرنا ہے۔جی ایس ٹی کا ریفنڈ 48گھنٹوں میں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار چئیرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کراچی ایکسپورٹ پراسسنگ زون کے ہیڈ آفس کے دورہ کے موقع پر سرمایہ کاروں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زون کے سرمایہ کاروں کا تعاون ملکی معیشت اور برآمدات میں اضافے کا نمایاں سبب بنے گا۔چئیرمین ایف بی آر نے زون کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں چئیرمین ایکسپورٹ پراسسنگ زونز اتھارٹی ڈاکٹر سیف الدین جونیجو نے وفد کو ادارے کی جانب سے تفصیلی بریفنگ کے دوران ادارے کے اغراض و مقاصد، درآمدات وبراآمدات کی کارکردی اور مسقبل کی منصوبہ بندی کے بارے میں آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران ملک میں قائم زونز کی گزشتہ پانچ سالوں کی درآمدت وبرآمدات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملکی برآمدات میں زون کا کردار نمایاں رہا ۔ انہوں نے کہاکہ تمام زونز میں پراسسز کی مکمل آٹومیشن پی آئی ٹی بی کی مدد سے کی جارہی ہے۔ کارکردگی، شفافیت، تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے آسانیاں لانے کے لیے کسٹمز اور ایف بی آر کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کو بڑھایا گیا ہے۔غیر فعال 54 صنعتی یونٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جنکی گزشتہ پانچ سالوں میں برآمدات نہیں ہوئیں۔انہیں نوٹسز جاری کردئے گئے ہیں اور ان یونٹس کو اپزا اپنے کنٹرول میں لیکر انکی نیلامی کی جائے گی تاکہ نئے سرمایہ کار ان یونٹس کو آپریشنل کرکے برآمدات شروع کر سکیں۔ 52 ایسے یونٹس کی بھی نشاندہی کی گئی جنہوں نے مطلوبہ ایکسپورٹ کا ہدف پورا نہیں کیا ۔ان یونٹس کو اپنے کاروباری منصوبوں کو بحال کرنے اور 03 ماہ کے اندربرآمدات کو شروع کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔مستقبل کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی ایکسپورٹ پراسسنگ زون کا کا فیز تھری 80 ایکڑ اراضی پر تیار کیا جا رہا ہے جوکہ تقریبا" پچھلے 9 سال سے زیر التوا تھا۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ورکس کی منصوبہ بندی/ماسٹر پلاننگ کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ڈیمانڈ پر سکھر میں ای پی زیڈ قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔جسکے لئے200ایکڑ اراضی کی درخواست وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیج دی گئی ہے ۔سکھر زون کے قیام سے اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب کو روزگار، صنعت کاری اور برآمدات میں اضافہ کرکے زرمبادلہ کمانے میں فائدہ ہوگا۔
چیرمین FBR کا ٹیک کے حصول کو آسان بنانے کیلئے کمیٹی کا اعلان
Mar 22, 2022