لاہور (انٹرویو: رفیعہ ناہید اکرام) تحریک انصاف کی رہنما سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی اور اپوزیشن کو منہ کی کھانا پڑے گی، او آئی سی کو متنازع بنانے کی کوشش قابل مذمت ہے، اپوزیشن بھارت کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے مگر فتح صرف عمران خان کی ہوگی۔ اگر نہ ہوئی تو پھر پاکستان کا خدا ہی حافظ ہے۔ تاہم بعض بین الاقوامی قوتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان ڈسٹرب ہو۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ منحرف ارکان انتہائی شرمناک رویے کا مظاہرہ کررہے ہیں اور اگر وہ واقعی منحرف ہیں تو پارلیمنٹ سے استعفیٰ دیں اور پھر الیکشن لڑ کر جس پارٹی کے ساتھ جانا ہے اس کے ساتھ آئیں یہ تو چوری اور پھر سینہ زوری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اپنے بھاؤ لگوانا بھی کہاں تک جائز ہے ہم انہیں بکاؤ مال نہ کہیں تو کیا کہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ستر سال میں غریب کیلئے کچھ نہیں کیا جبکہ عمران خان قلیل عرصے میں کرونا وبا کی مصیبت، قرضوں اور معاشی بحران کے باوجود اربوں روپے سے ہر عام آدمی کو صحت کارڈ جاری کر رہے ہیں، امریکہ تک اپنے غریب کو ہیلتھ نہیں دے سکا، احساس پروگرام دنیا کا سب سے بڑا سوشل ویلفیئر کا پروگرام ہے، سکالرشپ پروگرامز، لون سکیمز، کسان کارڈ، ڈیمز سمیت بڑے بڑے کام جاری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ جہانگیر ترین ہارس ٹریڈنگ نہیں کررہے تھے وہ تو الیکٹ ایبلز کی سیاست تھی۔