اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ مفاہمتی یادداشتیں تعلیم‘ زراعت‘ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ چین کے ساتھ مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ چینی وزیر خارجہ پہلی بار او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ہیں۔ چین کے وزیر خارجہ سے یوکرائن کے مسئلے پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ چین نے پاکستانی چاول اور گوشت کی درآمد کی خواہش ظاہر کی۔ چین نے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے تک پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ افغانستان کی مدد کے معاملے پر تعاون کی بات ہوئی۔ پاکستان چین کے ساتھ باہمی تعلقات میں مزید استحکام چاہتا ہے۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ عالمی امور میں پاکستان کے وسیع کردار کو سراہتے ہیں۔ پاکستان چین کا تذویراتی شراکت دار ہے۔ او آئی سی اجلاس میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے۔ حکومت اور عوام کو یوم پاکستان پر مبارکباد دیتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ عالمی فورمز پر پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان کے ساتھ سی پیک سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ داسو حملے پر دہشت گردوں کو سزا دینے کے لئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ مختلف منصوبوں میں چینی باشندوں کیلئے پاکستان کے سیکورٹی اقدامات بڑھانے کو سراہتے ہیں۔ افغانستان، یوکرین سمیت علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون بڑھائیں گے۔ چینی وزیر خارجہ نے یوم پاکستان پر پاکستان کیلئے امن‘ ترقی اور خوشحالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ موجودہ عالمی حالات میں او آئی سی اجلاس کا موضوع بہت اہمیت رکھتا ہے۔
چین کیساتھ تعلیم سمیت کئی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ، تعلقات کو وسعت دیں گے : وانگ ژی
Mar 22, 2022