اسلام آباد (خصوصی رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزائوں کے خلاف مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیلوں پر سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ بیرون ملک جائیدادیں چھپانے کے لیے کارپوریٹ ماہرین کی خدمات لی گئیں تھیں۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے شک و شبہ سے بالاتر شواہد پیش کرنا نیب کی ذمہ داری ہے۔ سماعت کے دوران شاہد آفریدی اور سنیل گواسکر کا بھی تذکرہ ہوا۔ کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ مریم نواز اور کیپٹن صفدر اپنے وکلا عرفان قادر اور امجد پرویز ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت پیش ہوئے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اپیل کنندگان کے وکلا نے دلائل میں موقف اپنایا کہ کیس میں شواہد ہی موجود نہیں، نیب پراسیکیوٹر امتیاز صدیقی نے کہا ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا اپیل کنندگان کے وکیل نے دلائل مکمل کر لیے ہیں؟۔ مریم نواز کے وکیل عرفان قادر نے کہا کہ میں تاریخیں لینے کے خلاف ہوں، میں نے صدیقی صاحب کو بتایا ہے کہ میں جزوی دلائل دے چکا ہوں، یہ بتا دیں کہ بینفشل اونر کا ثبوت دے دیں تو عدالت کا وقت بچ سکتا ہے، وکیل مریم نواز نے کہا کہ نیب اتنے سائنسی اور کمپلیکس دلائل دے رہا ہے، ان کے نوٹس لئے جائیں تاکہ ہم اس کے مطابق جواب دے سکیں، ایسے کمپلیکس دلائل کے جواب میں تو کیا کوئی بھی نہیں دے سکتا، نیب کی جانب سے اپیلوں کو رمضان کے بعد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی تو مریم نواز کے وکیل عرفان قادر نے بھی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کرنے کی حمایت کردی۔ عدالت نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پریس کانفرنس میں مریم نواز نے کہا کہ آج کل نیوٹرل لفظ کا بڑا چرچا ہے، نیوٹرل لفظ نے کسی شخص کی بالکل ہوا نکال دی، نیوٹرل لفظ کی وجہ سے بائس سالہ جدوجہد زمین بوس ہوگئی، کبھی ایسا برا حال میں نے کسی ٹانگہ پارٹی کا بھی نہیں دیکھا، ایف آئی اے اور نیب تک کو نیوٹرل نہیں رہنے دیا، گنتی تو نہ 2018,ئ، نہ جی بی، نہ سینٹ، نہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پوری تھی، آپ چاہتے ہیں کہ کوئی آپ کو گنتی پوری کرکے دے، اگر کوئی گنتی پوری کرنے کو تیار نہیں تو آپ انہیں جانور کہہ رہے ہیں، پاکستان میں گورننس نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، تحریک انصاف ٹوٹ کر بکھر گئی ہے، عمران خان کو معلوم ہے کہ وہ کھیل اب ہار گئے ہیں، عمران خان کو بچانے کوئی نہیں آئے گا، عمران خان! آپ کی گیم اب اوور، اپنے بندے پورے کرلو تو دس لاکھ لوگوں کو لانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، عمران خان کی پارٹی ریت کی طرح پھسل گئی ہے، اگر گھی آٹا چینی پیٹرول کے بارے میں سوچا ہوتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، جو وزیراعظم کو چھوڑ کر جارہے ہیں تو انہیں خریدنے کی کیا ضرورت، وزیراعظم عمران خان تکبر اور غرور کا شکار ہوئے ہیں، کسی ملک کو عمران خان کے خلاف سازشیں کرنے کی ضرورت نہیں، وزیراعظم عمران خان خود اپنے لیے سازش کے لیے کافی ہیں، تحریک عدم اعتماد بغیر کسی مدد سے کامیاب نہیں ہو سکتی، چوہدری پرویز الٰہی کو چیف منسٹر پنجاب بنانے کا فیصلہ میرے اکیلے کا نہیں، وزیراعظم ہونے کے باوجود پارٹی آپکے ہاتھ سے ریت کے دانوں کی طرح پھسل گئی، اپوزیشن کو ارکان خریدنے کی ضرورت نہیں، آپ کو اپنا چہرہ آئینے میں دیکھنے کی ضرورت ہے، اگر نہیں دیکھ سکتے میں تو دکھا دیتی ہوں۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان گیم ہار چکے ہیں‘ پوری پارٹی ان کے ہاتھوں سے ریت کی طرح نکل گئی۔ نواز شریف نے باہر بیٹھ کر آپ کو گھر میں گھس کر مارا۔
عمران گیم ہار چکے ، نواز شریف نے گھر میں گھس کر مارا : مریم نواز
Mar 22, 2022