او آئی سی کانفرنس کے موقع پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ نامناسب: حسان خاور

Mar 22, 2022

راولپنڈی (اے پی پی) معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ ملک میں سیاحت کی بحالی اور پاکستان کو سیاحت کا مرکز بنانے کے حکومتی وژن کی تکمیل کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے آج محکمہ سیاحت نے ورلڈ بنک کے ''پنجاب ٹورزم برائے اکنامک گروتھ'' پروگرام کے تحت انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے۔ اس مفاہمت کی یادداشت کے تحت پنجاب میں پانچ ارب کی لاگت سے ٹیکسلا میوزیم، روہتاس فورٹ اور ہرن مینار کی بحالی اور مرمت پر کام کیا جائے گا۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسان خاور نے کہا عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر پنجاب میں سیاحت کے حوالے سے نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں آٹھ سیاحتی مقامات پر گلیمپنگ پوڈز کی تنصیب، چار مقامات پر زپ لائننگ، سیاحت کے بجٹ کو 73 کروڑ سے دو ارب روپے تک بڑھایا جانا اور 22  مقامات کو پرائیویٹ سیکٹر کو آئوٹ سورس کیا جانا قابلِ ذکر ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت مستقبل کی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ ماضی کی غلطیوں کو بھی سدھار رہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ امید ہے یہ اجلاس امت مسلمہ کے مسائل کے حل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔ بلاول بھٹو کے بیانات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے موقع پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ نامناسب ہے۔ سیاست جب ایک حد سے بڑھ جائے تو ملک دشمنی بن جاتی ہے اور دیگر مراعات کے ساتھ ضمیروں کی خرید و فروخت سب کے سامنے ہے۔

مزیدخبریں