بیجنگ (شِنہوا) چین نے خطرناک کیمیکلز کی محفوظ پیداوار پر کام بڑھانے کا منصوبہ جاری کردیا ہے جس سے بڑے حادثات کی روک تھام اور کام کی جگہ کی حفاظت بہتر ہوگی۔ وزارت ہنگامی انتظامات کے جاری کردہ اس منصوبے میں 14ویں پا نچ سالہ منصوبے (2025-2021) کی مدت کے دوران خطرناک کیمیکلز اور آتش بازی کے ساتھ ساتھ تیل و گیس کی محفوظ پیداوار کو یقینی بنانے کے بڑے اہداف کی تفصیل دی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت 2025 تک خطرناک کیمیکلز سے ہونے والے بڑے اور سنگین حادثات پر موثر طریقے سے قابو پایا جائے گا اور خطرناک کیمیکلز میں چھپے خطرات کی اسکریننگ، روک تھام اور تدارک کا نظام وضع کیا جائے گا۔ 2025 تک حفاظتی خطرات کی نگرانی اور قبل از وقت انتباہ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا، کیمیائی پارکوں، خطرناک کیمیائی کمپنیوں ، تیل و گیس ذخیرہ کرنے کے بڑے مقامات کے انٹیلیجنٹ کنٹرول پلیٹ فارمز کو مسلسل اپ گریڈ کیا جائے گا۔ منصوبے میں کہا گیا ہے کہ 2035 کو نگاہ میں رکھتے ہوئے خطرناک کیمیکلز کی محفوظ پیداوار کے لئے واضح اور ٹھوس جوابدہی نظام پر مکمل طور پر عملدرآمد ہوگا، اور گورننس نظام کی جدت سازی اور کام کی جگہ کی حفاظت پر گورننس کی صلاحیت کو پورا کیا جائے گا۔ وزارت نے گزشتہ ماہ چین میں خطرناک کیمیائی صنعت کی منتقلی کے دوران درپیش خطرات کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے ایک سالہ طویل مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس مہم کا مقصد نئے اور موجودہ منصوبوں کی جانچ کو مضبوط بنانا اور حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے تاکہ شعبے کی حفاظت یقینی ہوسکے۔