سندھ کے کارکن لانگ مارچ کیلئے تیار ، حکمرانوں کو ایوانوں سے نکال کر دم لینگے

Mar 22, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر) پی ڈی ایم کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیرمولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا موجودہ حکمرانوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، انہوں نے کہا کہ جب ناجائز حکومت بن رہی تھی تب جہاز بھر بھر کے لائے جا رہے تھے تو اس وقت ضمیر کی آواز کہاں تھی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شب کراچی پہنچنے کے بعد جے یوپی کے مرکزی سیکریٹری جنرل شاہ محمد انس نورانی ، وفاق المدارس سندھ کے مسئول مفتی امداد اللہ یوسفزئی ، مولانا عبدالکریم عابد، مولانا ابراہیم سکرگاہی سمیت دیگر کی قیادت میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  مولانا فضل الرحمان نے کارکنان کے نام پیغام میں کہا کہ سندھ کے کارکنان اسلام آباد لانگ مارچ کیلئے تیار رہیں ، ہماری تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے ہم تحریکی دور سے گزر رہے ہیں ، ناجائز طریقے سے مسلط ٹولے کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر کرکے دم لیں گے۔ جے یوآئی سندھ کا قافلہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد نکلے گا ۔  مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز کراچی پہنچتے ہی رات گئے جامعہ دارالعلوم کراچی کورنگی کا تعزیتی دورہ کیا اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سے حال ہی انتقال کرجانے والے شیخ الحدیث اور دارلعلوم کراچی کے نائب رئیس دارالافتا مفتی محمود اشرف عثمانی کے انتقال پر تعزیت کی ، مولانا فضل الرحمان نے مرحوم مفتی محمود اشرف عثمانی کی علمی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات کی دعا کی۔ مولانا فضل الرحمان مختصر دورے کے دوران آج بروز منگل کو ایم کیوایم پاکستان رہنماؤں سے بہادرآباد مرکز میں ملاقات کریں گے جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی۔زرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن متحدہ قیادت کو حکومت سے الگ ہونے کی درخواست کرینگے۔ امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن  جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ عبدالقیوم نعمانی کی مزاج پرسی کیلئے بھی جائیں گے۔ 

مزیدخبریں