اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سربراہ جنوبی افریقی بحریہ وائس ایڈمرل موسووا سیموئیل ہولونگوان نے پیر کو نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ترجمان نیوی کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر امیرالبحر نے جنوبی افریقی بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈکوارٹرز میں پرنسپل سٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ بعد ازاں، جنوبی افریقی بحریہ کے سربراہ نے چیف آف دی نیول سٹاف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں بحری سکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ بحری سکیورٹی کو برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ سربراہ جنوبی افریقی بحریہ کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔