گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن احسان بھٹہ کی زیرصدارت ڈویژنل کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے اور تیسرے مرحلہ میں شفاف اور اوپن ٹینڈرنگ کے نتیجہ میں ہونے والی 8 کروڑ سے زائد کی بچت سے پختہ گلیوں ‘ نالیوں کی بنیادی سہولت کی فراہمی کے مزید 90 نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔ کمشنر نے واضح کیاکہ حکومت پنجاب کی ترجیحات کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز کو ذمہ داری ‘ احتیاط اور شفافیت کے ساتھ خرچ کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ بنیادی سہولیات تک رسائی ہر شہری کاحق ہے جس میں کو تاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھٹیا تعمیراتی مٹیریل کے استعمال اور فنڈز کے در ست استعمال نہ کئے جانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہو ئے ذمہ داران کے خلاف ٹھو س کاروائی کی جائے گی ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ عارف عمر نذیر نے بتایاکہ دوسرے مرحلہ میں قریبًا3 کروڑ کی بچت سے گجرات میں گلیوں‘ نالیوں کے 43 نئے منصوبے شروع کئے جار ہے ہیں جبکہ تیسرے مرحلہ میں 5 کروڑ سے زائد کی بچت سے حافظ آباد‘ نارووال اور گجرات میں پختہ گلیوں ‘ نالیوں کے 47 نئے منصوبوں کے ذریعے عام آدمی کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔