لاہور (خصوصی نامہ نگار) مجمع المدارس نے 20 تا 27 مارچ تک ہفتہ پاکستان منانے اور ملک گیر کانفرنسز بعنوان’’وطن کی فکر کر ناداں‘‘ منعقد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے تحت پیغام پاکستان کانفرنسز کا انعقاد ہوا جس کی صدارت تحریک بیداری امت مصطفی اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ کانفرنس میں علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، پیر غلام رسول اویسی ، علامہ مفتی زبیر فہیم ، مفتی سید عاشق حسین، مخدوم محمد عاصم ، مفتی علامہ اصغر عارف چشتی ، ڈاکٹر سید محمود غزنوی اور مفتی گلزار احمد نعیمی نے خطاب کیا۔ علامہ سید جواد نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مملکت پاکستان کے اندر پوری قوم کو کربناک و دردناک حالت کا سامنا ہے۔ رسوائی وذلت اس ملت کے دامن گیر ہو چکی ہے اور قوم و حکمران سب ضلالت یعنی درست راستہ اختیار کرنے کے بارے میں حیرت اور تذبذب کا شکار ہیں۔حکمرانوں کو نہیں معلوم کہ ملک کیسے چلانا ہے جس مشکل میں قوم گرفتار ہے اس سے کیسے نکلنا ہے۔ پارلیمان میں دینی، قومی مسائل حل کرنے کیلئے بیٹھے سب سے زیادہ ضلالت کا شکار ہیں۔ کسی بھی دنیوی و دینی قانون سے نابلد لوگ ظلمات میں ٹامک ٹوئیاں مار رہے ہیں۔