i اتحادی اور ترین ساتھ ہیں‘ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی: اختر ملک

ملتان (نمائندہ نوائے وقت)وزیر توانائی پنجاب  ڈاکٹر اختر ملک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جہانگیر ترین اور اتحادی حکومت کیساتھ ہیں اور تحریک عدم اعتماد ناکام ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ رابطے میں رہنے والے بہت سے اراکین نے واپسی کے لیے ہم سے رابطہ کیا ہے جن کی باعزت واپسی کو یقینی بنائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ صبح کے بھولے واپس آئیں گے اور کرپٹ ٹولے کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹے گی۔ ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا تھا کہ ناراض اراکین ہمارے اپنے ہیں اور پارٹی نے ان کی واپسی کی حکمت عملی طے کر لی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناراض بھائیوں کے تحفظات دور کریں گے۔ ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے ہیرو ہیں اور یہی بات امریکہ اور اس کے حواریوں سے برداشت نہیں ہو رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ماضی میں بھی حکومت کے خلاف سازشیں کرتی رہی ہے لیکن ہر بار اسے شرمندگی اٹھانا پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی جو کہ عمران خان نے ان کی بدترین لوٹ مار کے بعد بڑی مشکل سے بحال کی ہے۔ اپوزیشن کو ملکی مفاد سے کوئی غرض نہیں انہیں صرف اقتدار کا لالچ ستائے جارہا ہے۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ اسلامو فوبیا سے متعلق جو دنیا کے طاقت ور ترین ممالک نہ کرسکے وہ عمران خان نے کردکھایا۔ ان شاء اللہ حکومت مدت پوری کرے گی اور 2023ء  تک عمران خان ہی وزیر اعظم رہیں گے۔
اختر ملک 

ای پیپر دی نیشن