i 4 جامعات کے وائس چانسلرزکی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن نہ ہو سکا

ملتان(توقیر بخاری سے) ملتان سمیت پنجاب کی چار یونیورسٹیوں کیلئے وائس چانسلرز کے نام فائنل کئے جانے اور سمری وزیر اعلیٰ کو بھیجے جانے کے باوجود وائس چانسلرز کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوسکا ہے ، سرچ کمیٹی نے ڈاکٹر محمد رمضان، ڈاکٹر قیصر عباس، ڈاکٹر جاوید اختر اور ڈاکٹر محمد کامران کے نام وزیر اعلی کو تجویز کر دیے تھے۔ڈاکٹر خالد آفتاب کی سربراہی میں سرچ کمیٹی نے چار سرکاری یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز تعینات کرنے کیلئے 140 امیدواروں کے انٹرویوز کیے تھے۔ ذرائع کے مطابق سرچ کمیٹی نے سرگودھا یونیورسٹی کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے کارنیک انسٹیٹیوٹ کے چیف ریسرچ آفسیر ڈاکٹر قیصر عباس کا نام سمری میں پہلے نمبر پر شامل کیا تھا۔ سرچ کمیٹی نے محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان میں یو ای ٹی لاہور کے ڈین آف الیکٹریکل ڈاکٹر محمد کامران کا نام پہلے نمبر پر فائنل کیا تھا۔ ساہیوال یونیورسٹی کیلئے ایگری کلچر یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈین ڈاکٹر جاوید اختر کو جبکہ ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں سابق ڈی جی پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر رمضان کا نام فائنل کیا گیا۔ وائس چانسلر سرچ کمیٹی میں لمز سے ڈاکٹر عارف بٹ، سابق پرنسپل این سی اے ڈاکٹر سلیمہ ہاشمی، سیکرٹری محکمہ ہائیر ایجوکیشن جاوید اقبال بخاری شامل تھیں۔سیکرٹری کی جانب سے سمری وزیراعلٰی کو ارسال کر دی گئی تھی۔ وزیر اعلی پنجاب اور گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد چاروں یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز تعینات ہونے تھے مگر نامعلوم وجوہات کی بناء  پر تقرریوں کا نوٹیفیکیشن ابھی تک نہیں ہوا ہے۔یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وائس چانسلرز کے پھر پینل بنائے جانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔سرچ کمیٹی نے یونیورسٹیوں میں تعینات موجودہ وائس چانسلرز کو بطور امیدوار زیر غور لانے سے بھی انکار کیا تھا اور تجربے کے حامل سینئر ترین پروفیسرز کو بھی سمری میں شامل تین تین ناموں سے بھی باہر نکال دیا تھا جس پر پروفیسرز میں سرچ کمیٹی کے جانبدار رویہ پر سخت رد عمل بھی ہے۔پروفیسرز نے وزیر اعلی پنجاب سرچ کمیٹی کی جانب سے ایوارڈ کیے گئے نمبروں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
 وائس چانسلرز

ای پیپر دی نیشن