جھونپڑی میں آتشزدگی، 4گائے، 5 بکریاں اور قیمتی سامان خاکستر

Mar 22, 2022

کوٹ مٹھن (نامہ نگار) نواحی علاقہ قصبہ مرغائی کی بستی جتوئی کے رہائشی مسجد امام قاری غلام قادر کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے زندگی بھر کی جمع پونجی چار گائے 5 بکریاں سمیت گھر کا تمام تر قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا ،سانحہ کے بعد پورا گھرانہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگیا۔تفصیل کے مطابق 8 افراد کا واحد کفیل قاری غلام قادر بچوں کو قرآن مجید کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ کھیتوں میں کام کاج کرکے زندگی کا پہیہ چلاتا ہے ۔جسکا اپنا گھر بھی نہیں تھا زمیندار کے رقبے میں جھونپڑی بنا کر اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ رہتا ہے ،گزشتہ دن گھر کے تمام افراد کھیتوں میں کام کاج کے سلسلے میں گئے ہوئے تھے کہ ان کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی گھر میں موجود مال مویشی سمیت گھر کا تمام قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا آگ کے شعلوں کو دیکھ کر قریب کے ہمسائیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم تنکوں اور لکڑیوں سے بنے گھروندے میں موجود تمام سامان جل کر راکھ بن گیا ۔محنت کش غلام قادر اور اسکی پوری فیملی اس وقت کھلے آسمان کے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں جو حکومتی امداد اور مخیر حضرات کے تعاون کے منتظر ہیں۔

مزیدخبریں