آسٹریلیا کا پاکستان آنا میرا کریڈٹ وسیم خان آپ کرکٹ کی تباہی کے ذمہ دار ہیں نعمان بٹ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ ٹیم کے دورہ پاکستان میں ان کا بھی کریڈٹ ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو  میں وسیم خان نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ  پاکستان کا کریڈٹ لیا۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کو ممکن بنانے میں میرا
 بھی کردار ہے، یہ کسی فرد واحد کی نہیں بلکہ مشترکہ کوششوں کا ثمر ہے۔وسیم خان کاکہنا تھاکہ آسٹریلیا کی ٹیم کا دورہ پاکستان کرکٹ فینز اور ساتھ پی سی بی کیلئے بھی باعث مسرت ہے، پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کیلئے آسٹریلوی ٹیم کا دورہ بہت ضروری تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے بعد اب نیوزی لینڈ اورانگلینڈ کی ٹیموں کے پاس پاکستان نہ آنے کا کوئی جواز نہیں رہتا۔علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد نعمان بٹ نے کہا ہے کہ وسیم خان پاکستان کرکٹ کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی اور ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کی بنیاد نجم سیٹھی نے رکھی، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے امن و امان بحال کیا۔ وسیم خان کا اس میں کیا کردار ہے ان کے کھاتے میں صرف تباہی اور ناکامیاں ہیں، ملک میں محکمہ جاتی اور علاقائی کرکٹ کو بند کیا، کلب کرکٹ بند کر دی، گراؤنڈ سٹاف کو فارغ کیا، کروڑوں روپے جن گراؤنڈز پر خرچ کیے انہیں تباہ کر دیا، دو سال پاکستان سپر لیگ  مرتبہ ملتوی ہوتی رہی، آمرانہ نظام قائم کیا، کرکٹ بورڈ کو غیر جمہوری انداز میں چلایا، کرکٹرز کے پرکشش روزگار کو ختم کیا، کھلاڑی معمولی ملازمتوں پر مجبور ہوئے، کرکٹ کھیلنے والے ہزاروں کرکٹرز کے لیے کھیل کے دروازے بند کر دیئے۔ خود لاکھوں ماہانہ تنخواہ لیتے رہے اور کرکٹرز کو ہزاروں روپے بھی بروقت نہیں دے سکے۔ 

ای پیپر دی نیشن