کراچی(نیوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویڑن کے جنرل سیکریٹری اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی (CWC) کے رکن ناصر الدین محمود نے کہا ہے کہ عمران خان جو اب اپنی جماعت کے بیشتر ارکان کی حمایت سے بھی محروم ہو چکے ہیں اب انہیں اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہو کر گھر چلے جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بننے کا تو ان کے پاس پہلے بھی اخلاقی جواز نہیں تھا کیونکہ ان کو شدید دھاندلی کے نتیجے میں وزیراعظم بنا یا گیا تھا لیکن اب وہ آئینی و قانونی جواز بھی کھو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ناظم آباد نمبر 1 میں اپنے دفتر میں مسلم لیگی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس بھیج کر وہ قوم کا اور اپنا مزید وقت ضایع کریں گے اور مزید چند روز اقتدار میں رہ کر سازشیں کرنا چاہیں گے، جس سے اب انہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچنے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ملک کو تباہ و برباد کر دیا ہے، خصوصی طور پر معیشت کی زبوحالی اور عالمی تنہائی سمیت مختلف نوعیت کے مسائل میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے پونے چار سالہ دورِ حکومت میں ملک کے قرضوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ملک میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ ناصر الدین محمود نے کہا کہ عمران خان کو پی ڈی ایم کے لانگ مارچ شروع ہونے سے پہلے ہی استعفیٰ دیکر عزت سے رخصت ہو جاناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ میں شریک ملک کے غریب عوام کے غیض وغضب کا سامنا نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل فوری منصفانہ انتخابات میں پوشیدہ ہے۔ اس موقع پر محسن جاوید، نوشاد اختر ملک، محمد ظاہر شاہ دہلوی، عارف حسین، ڈاکٹر محمد احسن، ظہیر احمد ایڈووکیٹ، حاجی نذر خان، عمر زیب خان، محمد عمران نقشبندی اور محمد حفیظ سمیت بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔
ناصر الدین محمود
عمران خان اکثریت کھوچکے‘مستعفی ہوں‘ ناصر الدین محمود
Mar 22, 2022