کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کی جانب سے عوام کی سہولت کیلئے لگائے جانے والے بچت کیمپوں کا باقاعدہ آغاز کیا جاچکا ہے،جس میں عوام نے بڑی تعدا د میں کیمپوں سے اشیا خوردوں نوش کی خریداری کی جبکہ مہاجر قومی موومنٹ کے اپنی مدد آپ کے تحت کئے جانے والے اس اقدام پر عوام نے خوشی کا اظہا ر کرتے ہوئے جئے مہاجر کی صدائیں بلندکی۔ کیمپوں کے افتتاح کے موقع پر مرکزی قائدین نے مہاجر نوجوانوں اور کارکنان کی کاوشوں کوسراہاتے ہوئے مبارکباد دی جبکہ عوام میں اس احساس کو بیدار کیا کہ آج کے بعد اپنی قوم کے مسائل کے حل کیلئے حکومت یا کسی دوسرے کی جانب دیکھنے کی بجائے اپنی مدد آپ کے تحت مسائل کے حل کیلئے راستہ نکالا
جائیگا جس کیلئے نہ صرف مہاجر نوجوانوں اور بزرگوں کو اس جدوجہد کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہیں بلکہ اس کارخیرکا حصہ بننے والوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں درجنوں ایسے فلاحی ادارے موجود ہیں جو شہرت اور مقبولیت کیلئے مرکزی شاہراوں پر لمبی لمبی قطاروں لگوا کر لوگوں کی عزت نفس مجروح کرتے جبکہ مستحق اور سفید پوش گھر انے فاقہ کشی کے باوجود ایسے کسی دستر خوان کی لائن میں لگنے کے بجائے خودکشی جیسے ناپسندیدہ اقدام پر مجبور ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس رمضان اپنی زکو، عطیات اور فطرات کسی غیر مقامی اور پیشہ ور کو دینے کے بجائے سفید پوش اور ضرورت مند گھر انوں کی امداد کویقینی بنا نا ہماری اولین ترجیح ہو نا چاہیے۔