کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اعلی تعلیم کے فروغ سے ہی ملک وقوم کی ترقی ممکن ہے عصر حاضر میں اعلی تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں اس ضمن میں سندھ جناح یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے یہ دمکتے چہرے ، یہ رنگ برنگے ملبوسات ،یہ جوش یہ ولولہ بتا رہا ہے کہ آپ کو اپنے وطن سے کتنا پیار ہے اور آپ اس کی سالمیت اور بقا کے لئے کس حد تک جا سکتے ہیں ۔آپ کا عزم اور آپ کے ارادے اس چمن کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس امر کی یاد دہانی بھی کراتا ہے کہ پاکستان کی بنیاد ، قانون و آئین اور جمہوریت پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے والدین نے اس ارض پاکستان کے حصول کے لئے ایک جمہوری جدوجہد کی ۔ انہوں نے بے پناہ قربانیاں دیں ۔ جانیں دیں ، اپنا گھر بار چھوڑ کر دربدر ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ آپ آج جو خوشیاں منا رہے ہیں جو مسرتیں بانٹ رہے ہیں ،اس کے پیچھے تحفظ و خوشحالی کا جو احساس ہے وہ ہمارے اسلاف کی ان ہی کی قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم محمد علی جناح اس جدوجہد کے استعارے ہیں لیکن یہ کہانی سرسید احمد خان اور مولوی ریاض الدین احمد جیسے حرکت وعمل کے نقیبوں کے تذکرے کے بغیر نامکمل ہے ۔دریں اثناء کراچی پریس کلب کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے عہدیداروں اور دیگر سینئر صحافیوں سے ملاقات بھی کی ۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو کراچی پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ بھی دی گئی۔ انہوں نے پریس کلب کے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ پریس کلب کے اراکین کے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ اداروں سے بات کروں گا۔