لاہور (خبر نگار) پنجاب میں عام انتخابات کے عدالتی افسران کے ذریعے انعقاد کے معاملے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے نام خصوصی خط کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے عدالت میں باضابطہ درخواست بھی دائر کر دی۔ درخواست مرکزی سینئر نائب صدر فواد حسین کی جانب سے دائر کی گئی۔ فواد چودھری نے 13 مارچ کو چیف جسٹس آف پاکستان کے نام اپنے خصوصی خط میں بھی انتخابات کیلئے عدالتی افسران کا معاملہ اٹھایا تھا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمشن کی عدالتی افسران کی نامزدگیوں کی درخواست قانونی طور پر رد نہیں کی جا سکتی۔ سپریم کورٹ از خود نوٹس کے یکم مارچ 2023ء کے فیصلے میں بنیادی احکامات صادر کر چکی ہے۔ فاضل عدالت رجسٹرار کو انتخابات کے انعقاد کیلئے عدالتی افسران کی نامزدگیوں کا حکم صادر کرے۔ رجسٹرار کی جانب سے نامزدگیوں میں ناکامی کی صورت میں معزز عدالت خود انتخابات کیلئے آر اوز اور ڈی آر اوز مقرر کرے۔ مبین الدین قاضی کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ الیکشن کمشن آف پاکستان اور کابینہ سیکرٹری کے ذریعے وفاق کو بھی معاملے میں فریق بنایا گیا ہے۔