سند ھ نے کرونا اضافے کی رپورٹ مسترد کر دی،سعو دیہ میں بغیر ویکسنیشن نماز کی اجازت


اسلام آباد‘ کراچی‘ مکہ مکرمہ‘ واشنگٹن (خبر نگار + نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے105نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 18 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں24  گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار768 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 105  افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، مثبت شرح 2.79 فیصد رہی اور اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، تاہم18  کی حالت تشویشناک ہے۔ سندھ کے محکمہ صحت نے کراچی میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز میں خطرناک اضافے کے حوالے سے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے اس کا مقصد سنسنی پھیلانا ہے۔ اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے بتایا کہ کراچی میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 28.30 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور جن 106 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ان میں سے 30 میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ تاہم مذکورہ رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ ٹیسٹ کب کئے گئے تھے۔ جبکہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ کرونا کے حوالے سے غیر ویکسین شدہ افراد کو بھی مسجد حرام اور مسجد نبویؐ میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہے۔ شرط یہ ہے کہ  وہ خود کرونا کے مریض ہوں نہ ہی کسی متاثرہ شخص کے رابطے میں ہوں۔ ایسے افراد ’’ نْسک‘‘ ایپ کے ذریعے عمرہ کرنے کے لیے پرمٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے کرونا وائرس کی ابتداء بارے میں خفیہ معلومات جاری کرنے کے قانون پر دستخط کر دئیے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے کہاکہ ہمیں تہہ تک جانے کی ضرورت ہے کہ کرونا کی ابتدا کہاں سے ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن