ملتان، چیچہ وطنی، منڈی بہاؤالدین میں بارش، ژالہ باری، آسمانی بجلی گرنے سے لڑکا جاں بحق 

Mar 22, 2023


منڈی بہاؤالدین؍ چیچہ وطنی؍ ملتان (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) منڈی بہاؤالدین شہر اور مضافات میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔  سڑکوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ گندم کی کھڑی ہزاروں ایکڑ فصل سمیت آلو، چنا، چارے کی فصل متاثر ہوئی ہے۔ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر اور مضافات میں موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری کے باعث موسم سرد ہوگیا۔ بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے اور بارش کے ساتھ ہونے والی ژالہ باری سے سڑکوں، گلیوں پر چھ انچ برف گرنے سے سڑکیں اور گلیوں نے سفید چادر اوڑھ لی، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ چیچہ وطنی سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نواحی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے 14 سالہ لڑکا جاں بحق ہو گیا۔  نواحی گاؤں 42/12-L کا رہائشی  14 سالہ زاہد ولد اللہ دتہ بکریاں چرا رہا تھا کہ اسی دوران اس پر آسمانی بجلی گر  گئی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔  علاوہ ازیں ملتان، بورے والا اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری سے موسم تبدیل ہو گیا اور سردی بڑھ گئی۔ ژالہ باری سے گندم، سبزی اور دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ اولے پڑنے سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔ بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔ ترجمان میپکو کے مطابق بارش رکنے پر بجلی کی فراہمی پر کام کیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں