گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) گرجاکھ پولیس نے مبینہ چور کو تھانے کے صحن میں لٹا کر ڈنڈوں سے بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، مدعی پارٹی موبائل پر ویڈیو بناتی رہی ،سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیکر اے ایس آئی کو معطل کر دیا۔گرجاکھ پولیس نے موٹر سائیکل چوری کرنے کے شبہ میں نوجوان کو حراست میں لیا تھا ، جسے منوانے کیلئے اے ایس آئی اقبال نے روایتی انداز اپنا تے ہوئے مبینہ چورکو تھانے کے صحن میں زمین پر الٹا لٹانے کے بعد اس پر ڈنڈے برسانے شروع کر دئیے ، اس دوران مدعی پارٹی موبائل فون پر تشدد کی ویڈیو بناتی رہی جبکہ تکلیف سے نڈھال زیر حراست ملزم کی چیخ و پکار پر کسی کو ترس نہ آیا بلکہ پولیس اہلکار بھی پاس کھڑے ہوکر تماشہ دیکھتے رہے ،تاہم تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سی پی او محمد ایاز سلیم نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی کو فوری طور پر معطل کرکے لائن حاضر کر دیا ،معاملے کی انکوائری کے لئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن عثمان طارق کوانکوائری آفیسر مقرر کردیا گیا ہے ۔