لاہور ( این این آئی) تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی کے بیٹوں مونس الٰہی ، راسخ الٰہی اور فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے )نے مونس الٰہی اوران کی اہلیہ تحریم الٰہی ،راسخ الٰہی اور ان کی اہلیہ زنیرہ الٰہی کو نوٹس جاری کر دیئے۔ذرائع کے مطابق تمام شو کاز نوٹسزاینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010ء کے تحت جاری کیے گئے ہیں، جن میں ایف آئی اے نے تمام ملزمان سے منی لانڈرنگ کے ذریعے بنائی گئی پراپرٹیز کی منی ٹریل اور ثبوت مانگے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ مقدمے میں دیگر شریک ملزمان کو بھی شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں، جس میں پراپرٹیز کی منی ٹریل اور ثبوت مانگے گئے ہیں اور تمام شریک ملزمان کو جلد از جلد جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام ملزمان کو شوکاز نوٹسز اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کی تقریباً 10 ارب روپے مالیت کی 17420کینال اراضی عدالتی حکم کے مطابق فریز کی جا چکی ہے اور 22بینک اکائونٹس بھی عدالتی حکم کے مطابق فریز کیے جا چکے ہیں، ان تمام بنک اکائونٹس میں تقریباً ساڑھے 3 ارب روپے بھیجے گئے تھے۔