لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کو 26 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت مل گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے اجازت نامے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کی جانب سے حلف لینے کے بعد اجازت دی اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ جلسہ انتظامیہ، سٹیج، خواتین اور تمام انکلوژرز کی سکیورٹی کی ذمہ داری ہو گی۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس کامران راحیل شیخ نے ڈی سی آفس کی جانب سے پی ٹی آئی کو مینار پاکستان جلسہ کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر ڈی سی لاہور سے آج جواب طلب کر لیا۔ فاضل عدالت نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے سکیورٹی پلان مرتب کرنے کے حوالے سے ڈی سی لاہور کو حکم دے دیا ۔ عدالت نے سی سی پی او ،ڈی سی لاہور اور ڈی جی پی ایچ اے سے بھی رپورٹ طلب کر لی۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت سینئر رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں لاہور جلسے سمیت دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔
پی ٹی آئی کا اتوار کو مینار پاکستان پر جلسہ، انتظامیہ نے اجازت دے دی
Mar 22, 2023