لاہور (نیوز رپورٹر)مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالہٰی نے سابق پرنسپل سیکرٹری کے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم افراد کے ذریعے اٹھانا اور پھر اپنی مرضی کا بیان لینا وتیرہ بن چکا ہے۔محمد خان بھٹی کو اٹھایا گیا اور پھر اپنی مرضی کا بیان دینے پر مجبور کیا گیا، مریم نواز اور شریف خاندان چاہتے ہیں کہ ہائیکورٹ اور ججز ان کے انڈر پریشر رہیں، یہ چاہتے ہیں کہ معزز جج صاحبان تمام فیصلے شریف خاندان سے پوچھ کر سنایا کریں۔دوسری جانب چودھری پرویز الہٰی سے ملاقات کے دوران معروف سیاسی شخصیت سیٹھ محبوب نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پی ڈی ایم سازش کے تحت عمران خان اور فوج کو لڑوانا چاہتی ہے، عمران خان کی حب الوطنی کسی سے چھپی ہوئی نہیں، عمران خان اپنا سب کچھ پاکستان پر قربان کرنے کا عزم لیے ہوئے ہیں۔
محمد خان بھٹی کو اٹھا کر مرضی کے بیان پر مجبور کیا گیا، پرویز الٰہی
Mar 22, 2023