لاہور سمیت متعدد شہروں میں شدیدزلزلہ ، سوات سب سے زیادہ متاثر ، 5 افراد جاں بحق ،50 زخمی 


 راولپنڈی+لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران ) لاہور‘ اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے  جس کے نتیجے میں5 افراد جاں بحق اور  500 سے زائد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔سوات سب سے زیادہ متاثر ہوا۔  رات نوبجکر 47 منٹ پر 6.8 شدت کے زلزلے سے درودیوار ہل کر رہ گئے شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں، دکانوں، پلازوں، شاپنگ مالزاور کام کاج کے مقامات سے باہر نکل آئے زلزلہ اس قدر شدید اور طویل دورانئے کا تھا جس پر لوگ بری طرح سہم گئے اور ٹیلیفون کالوں سے اپنے پیاروں کی خیر خیریت دریافت کرتے رہے ۔ شہری زلزلہ ختم ہونے کے بعد بھی کھلی جگہوں پر کھڑے رہے اور توبہ استغفار پڑھتے رہے۔ زلزلہ پیما سینٹر نے رابطہ کرنے پر نوائے وقت کو بتایا زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ ہوئی ۔  زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش میں تھا ۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پی کے کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی ۔زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔ لوئر دیر کے علاقے ڈھیری میں زلزلے سے مکان کی دیوار گرگئی جس میں دب کرخاتون جاں بحق ہوگئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لوئردیر میں بھگڈر مچنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ مختلف حادثات میں 43 افراد زخمی ہوئے۔  اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 کی رہائشی عمارت میں مقیم شہری زلزلے کے دوران ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ انتقال کر گئے۔ مانسہرہ کے علاقے شنکیاری میں خاتون دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی۔ پولیس کے مطابق سوات کے علاقے مدین میں گھر کی دیوار گرنے سے 13 سال کی لڑکی جاں بحق ہوئی۔ سوات ہی کے علاقے شموزئی میں گھرکی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور  2 زخمی ہوئے۔سیدوشریف ہسپتال سوات میں زلزلے میں زخمی 50 افراد لائے گئے جبکہ لوئر دیر میں ہی زلزلے کے دوران بھگدڑ کے دوران 7 افراد گر کر زخمی ہوگئے ۔ صوابی کے علاقے شیخ جانہ میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔  مالا کنڈ ڈویڑن میں متعدد مکانات منہدم ہوگئے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد زخمی جبکہ 70 سے زائد بے ہوش ہوگئے۔ کوہستان میں زلزے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں شاہراہ قراقرم بند ہوگئی  جبکہ  کالام کیقریب کرکنڈی پل پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بحرین روڈ بلاک ہوگیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور آفٹر شاکس کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی۔ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، کوٹ مومن، مڈھ رانجھا، چکوال، ہٹیاں بالا، کوٹ ادو، شجاع آباد، کلور کوٹ، کالا شاہ کاکو، واں بچھراں، ڈسکہ، اوچ شریف، دریا خان ، ڈی جی خان، کوٹ ادو، لودھراں اور دیگر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے تمام ٹیچنگ سرکاری ہسپتالوں کو الرٹ کردیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں زلزلے کے پیش نظر  لوگوں کی خیریت اور سلامتی کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ اللہ سب کو حفظ و امان اور ملک کو ہرآفت سے محفوظ رکھے۔وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اورمتعلقہ اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن