حکومت پولیس افسروں کی تربیت کیلئے تمام سہولیات فراہم کرے گی: رانا ثناء  

 اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے  حکومت پولیس افسران کو تربیت دینے کے لئے تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اے ایس پیز کی ٹیکنیکل اور فزیکل ٹریننگ کے لیے 10 ایکڑ اراضی مختص کردی ہے۔ سی ڈی اے کو ہدایت کی گئی ہے وہ اس منصوبے پر ترقیاتی کام کو جلد سے جلد مکمل کرے تاکہ اسے آپریشنل کیا جا سکے۔ وہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔  کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے اکیڈمی سے متعلق وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر اکیڈمی میں نئے سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ وزیر داخلہ نے اکیڈمی میں ٹیکنیکل اور فزیکل ٹریننگ ایریا کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا  نیشنل پولیس اکیڈمی پولیس افسران کی اعلیٰ تربیت کا ادارہ ہے۔ اس نے پاکستان میں پولیس فورس کو قیادت فراہم کرنے میں قابل تعریف کردار ادا کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن