انتخابات 2018کا تجربہ نا کام ،کھوئی ہوئی نشستیں واپس لیں گے:مصطفیٰ کمال

Mar 22, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی شریف خان کے ہمراہ بلدیہ کورنگی میں جاری صفائی مہم کے ساتویں روز اللہ والا ٹان UC36 کا تفصیلی دورہ کیا اور  صفائی مہم کے لیے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا، اس موقع پر سید مصطفی کمال نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین میں ہمیں تحفظ دیا جائے کیونکہ اب وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لئے وزارت نہیں مانگیں گے،وزیراعظم سے آئینی تحفظ مانگیں گے اور منتخب بلدیاتی حکومت کے بغیر عام انتخابات نہیں ہونے چاہیے ، الیکشن2018 کا تجربہ ناکام ہوگیا ہم اپنی کھوئی ہوئی سیٹیں واپس لیں گے کراچی میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں بہت مایوس کیا ،صوبائی حکومت کا ٹین ون کا لیٹر مسترد کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس انتخابات کرانے کا اختیار نہیں تھا،بلدیاتی انتخابات کو چیلنج کریں گے ،53 نئی یونین کمیٹیوں کے قیام کے بعد بلدیاتی انتخابات کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھے ہیں اور  ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات نہ لڑ کر کراچی کو جتوا دیا ہے،انہوں نے کہا کہ باغ جناح کے جلسے میں ایم کیو ایم نے اپنا لائحہ عمل بتادیا ہے اگر صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کیا اپنے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے سپریم کورٹ کو نگرانی کرنا پڑے گی ،آرٹیکل 140 اے کی تشریح سے مسئلہ حل نہیں ہواہے، نسلہ ٹاور کی طرح سپریم کورٹ عمل درآمد کمیٹی بنانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی ڈی ایم سی کے تحت ایک ہفتے سے صفائی مہم جاری  ہے اور مساجد کے قریب کے علاقوں میں خصوصی توجہ دی گئی ہے ،صفائی مہم ایک اچھا قدم ہے لیکن  یہ مسئلے کا حل نہیں اور حالات جب تک درست نہیں ہونگے جب تک نچلی سطح پر اختیارات منتقل نہیں ہونگے۔انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی شریف خان سمیت دیگر افسران اور صفائی مہم میں حصہ لینے والے ملازمین کی کارکردگی کو سراہا۔

مزیدخبریں