کلرسیداں(نامہ نگار)لوسر کچرا کنڈی کے خلاف عوام علاقہ نے متحد ہوکر احتجاجی کیمپ قائم کررکھا ہے جنہوں نے تحصیل ہائے کلرسیداں، کہوٹہ،گو جرخان،راولپنڈی شہر اور ضلع اسلام آباد کے کچرے کی لوسر کچرا کنڈی میں منتقلی روک دی ہے۔انتظامیہ نے مظاہرین کے خلاف مقدمات درج کرنے کی سفارش کر دی ہے جبکہ گزشتہ چھ ایام سے سینکڑوں لوگ احتجاجی کیمپ میں موجود ہیں جن کا کہنا ہے کہ پچیس برس قبل مقامی لوگوں کو اعتماد میں لیئے بغیر لوسر میں کچراکنڈی قائم کرکے راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے راولپنڈی اسلام آباد اضلاع اور ملحقہ تحصیلوں کا تمام کچرا لوسر میں منتقل کرکے مقامی لوگوں کی زندگیاں جہنم بنا دی ہیں۔ تعفن کے ساتھ ساتھ میلوں دور کے دیہات و قصبات میں زیرزمین پانی ناقابل استعمال ہونے سے سنگین مسائل جنم لے چکے ہیں۔ لوسر کے نواحی دیہات ضلع راولپنڈی کی سبزیات کی ضرورت کو پورا کرتے تھے وہاں کنو¶ں اور زیر زمین پانی خراب ہونے سے سبزیوں کے باغات اجڑ گئے ۔ادہر راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے رابطہ کرنے پر بتا یا کہ مظاہرین نے گزشتہ چھ ایام سے کچرے کی سپلائی بند کر رکھی ہے دو افراد کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے پولیس سے رجوع کر لیا گیا ہے دیگر افراد کے خلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔