مفت آٹا تقسیم، ناقص انتظامات، گھپلے کا انکشاف، شہری رل گئے 


شجاع آباد،بستی ملوک ، گڑھاموڑ ،خان پور بگاشیر مندا چوک ، پل60ہزار ، گگو منڈی ، مخدوم رشید ،قصبہ گجرات( نمائندہ خصوصی ،نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) مفت آٹا تقسیم، ناقص انتظامات، گھپلے کا انکشاف، شہری رل گئے ۔شجاع آبادسے نمائندہ خصوصی ،بستی ملوک سے نامہ نگار ، نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شاہ پور ابھہ تحصیل شجاع آباد کے رہائشی سعید احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی شجاع آباد میں قائم آٹا پوائنٹ پر لینے آیا, چار گھنٹے طویل قطار میں کھڑے ہونے کے بعد جب میرا نمبر آیا تو کاو¿نٹر پر موجود شخص نے میرا شناختی کارڈ چیک کرنے کے لئے حاصل کیا اور کہا کہ آپ کے نام پر آٹا اگلی اتوار آئے گا گھر واپس آگیا بعد میں میرے موبائل پر ٹیکسٹ پیغام آیا کہ آپ نے آٹے کا ایک تھیلا موصول کرلیا ہے سعید احمد نے اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد کو کاروائی کے لئے درخواست بھی گزار دی ہے۔گڑھاموڑ سے نامہ نگارکے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے عوام کو مفت آٹا کی فراہمی کے سلسلے میں مختلف مقامات پر مفت آٹے کے پوائنٹ لگائے گئے گڑھا موڑ یونین کونسل میں بھی مفٹ آٹے کا پوائنٹ بنایا گیا جہاں پر بینر لگا دیئے گئے اور عملہ تعینات کر دیا گیا مگر آٹا مہیا نہ کیا جا سکا عوام چکر لگا کر خالی ہاتھ واپس جانے لگے اہل علاقہ نے آٹے کی عدم فراہمی پر ملتان وہاڑی روڑ بند کر کے احتجاج کیا۔خان پور بگاشیر سےخبرنگار، منڈا چوک سے نامہ نگار کے مطابق یوسی خانپور شمالی بگاشیر میں شناختی کارڈز جمع کرکے میسج کے ذریعے 3تین گٹو کٹوتی کرنے کے بعد ایک گٹو تھما دیا گیا ثاقب اسحاق،خادم گشکوری، اختر صدیقی،ملک اختر کریل، ملک مصطفی ودیگر کا ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پل60ہزار سے نامہ نگار کے مطابق حکومت پنجاب نے غریب افراد کو مفت آٹا سکیم شروع کی ہے جس میں انتہائی ناقص انتظامات دیکھنے کو ملے ہیں لمبی لائنیں لگ رہی ہیں 4گھنٹے بعد جب پہنچتے ہیں تو ان کو ٹرخا دیا جاتا ہے کہ شناختی کارڈ پر سم نہ ہے۔گگو منڈی سے نامہ نگارکے مطابق شہر کے واحد آٹا تقسیم پوائنٹ گراسی گراﺅنڈ میں آٹے کے حصول کے خواہشمند خواتین اور مرد صبح ہی سے ہزاروں کی تعداد میں اکھٹے ہو گئے اور سیکورٹی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے ہلڑ بازی ہونے لگی جس کی اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر بورے والا عبدالباسط صدیقی نے صحافیوں کو بتایا کہ روزانہ تین ہزار آٹے کے تھیلے تقسیم کیے جائیں گے کاونٹر کی تعداد بڑھا دی جائے گی ۔مخدوم رشید سے نامہ نگار کے مطابق، عمران، نوید، محمد عمر شاہ و دیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گھنٹوں لائن میں لگنے کے بعد جب ٹوکن لینے کی باری آئی تو وہاں بیٹھے اہلکاروں نے کہا کہ آپ نے ایک تھیلا آٹا وصول کر لیا ھے، جبکہ ہم نے آٹے کا کوئی تھیلا وصول نہیں کیا۔قصبہ گجرات سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصبہ گجرات میں فری آٹے کی تقسیم میں ناقص ڈیوائسوں کی وجہ سے شناختی کارڈ سکین کا مسئلہ بنا کر لوگوں لوگوں کو بھیج دیا گیا جبکہ انکے اکاو¿نٹ سے ایک ایک تھیلہ نکال لیا گیا۔
 مفت آٹا تقسیم

ای پیپر دی نیشن