لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ پولیس زمان پارک میں میرے گھر میں بھی گھسی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان گھر پر نہیں تھے، اُن کے گھر پر تب حملہ کیا گیا، نگراں حکومت کو اس قسم کا ایکشن کرنے کا کوئی اختیار ہی نہیں۔پی پی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کے گھر پر کارروائی کے لیے 2 ایس ایس پی، 4 ایس پی اور ہزاروں اہلکاروں کی نفری کی کیا ضرورت تھی؟
ان کا کہنا تھا کہ پوچھتا ہوں اگر یہی کراؤڈ جاتی امرا پہنچ جائے تو کیسا لگے گا؟ مریم نواز اور رانا ثناء اللّٰہ تحریک انصاف کے لیے تحفہ ہیں۔اعتزاز احسن نے یہ بھی کہا کہ مریم تو کہتی ہے عمران خان کی پارٹی کو ختم کرو اسے دہشت گرد قرار دو۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو کچھ خلاف قانون کیا ہے، اس کی اُسے سزا ملنی چاہیے۔پی پی رہنما نے کہا کہ الیکشن ہوں گے اور اُس ہی تاریخ پر ہوں گے جو سپریم کورٹ نے دی ہے، گورنر کے پاس اس حوالے سے نظر ثانی کا اختیار بھی نہیں۔