کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے کہا ہے کہ پی ایم ایس اے کے جہاز کا بھارتی ماہی گیروں کی کشتیوں سے آمنا سامنا ہوا ہے۔ دوران تعاقب بھارتی ماہی گیروں کی ایک کشتی پی ایم ایس اے کے جہاز سے ٹکرا گئی جس میں پی ایم ایس اے کا ایک سیلر شہید اور سات بھارتی ماہی گیر سمندر میں ڈوب گئے۔ ماہی گیروں کی کشتی کا عملہ بورڈنگ ٹیم سمیت سمندر میں گر گیا۔ دوران گشت پاکستانی سمندری حدود میں آٹھ بھارتی کشتیوں سے آمنا سامنا ہوا۔ پی ایم ایس اے کا جوان محمد ریحان شہید ہو گیا۔ بھارتی ماہی گیر پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ پانچ بھارتی ماہی گیروں کو بچا لیا گیا۔ دو لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔