35 لاکھ دکانداروں سے بجلی بلوں میں ٹیکس وصولی کا پلان تیار، آئی ایم ایف کو آگاہ کر دیا گیا

Mar 22, 2024

 اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی)  ایف بی آر نے 35 لاکھ دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے سکیم کے خدوخال تیار کر لئے، ذرائع کے مطابق دکانداروں سے ٹیکس بجلی بلوں کے ساتھ وصول کرنے کی تجویز ہے، بجلی کے بلوں میں دکانداروں کیلئے ایک نیا کالم متعارف کرنے کی تجویز ہے، ٹیکس وصولی اصل شاپ آنر کی بجائے دکان میں کاروبار کرنے والوں سے ہوگی، دکاندار کی سالانہ آمدنی کو 12 حصوں میں تقسیم کیا جائیگا، تاجر طبقے سے ٹیکس ماہانہ بنیاد پر بجلی بل کے ذریعے وصولی آئندہ مالی سال کے بجٹ سے پہلے لائی جاسکتی ہے ، آئی ایم ایف کو مجوزہ پلان سے آگاہ کر دیا گیا ۔  دوسری طرف  فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور آٹو میشن کیلئے حکومت نے اعلی اختیاراتی اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق 10رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی میں خزانہ، تجارت، صنعت و پیداوار، قانون کے وفاقی وزرا شامل ہیں جبکہ سربراہی خود وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔خزانہ، صنعت و پیداوار، ریونیو، تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ کے سیکرٹریز بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔ فنانس ڈویژن اسٹیئرنگ کمیٹی کیلئے سیکرٹریٹ کا کردارادا کرے گا، کمیٹی ایف بی آرمیں اصلاحات کے منظور شدہ پلان پرعملدرآمد کی نگرانی کرے گی۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اعلی اختیاراتی اسٹیئرنگ کمیٹی کے تحت ایف بی آر میں جامع اصلاحات اور آٹومیشن کیلئے سہولت فراہم کی جائے گی۔

مزیدخبریں