لاہور(کلچرل رپورٹر) اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے ’’نظریہ پاکستان اور عصر حاضر‘‘کے موضوع پر ۲۱مارچ ۲۰۲۴ء کو مذاکراہ کا انعقاد کیا گیا۔ مذاکرہ کے شرکا میں سابق ڈین سوشل سائنسز جامعہ پنجاب ،ڈاکٹر اقبال چاولہ اور ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی تھے۔ ڈاکٹر اقبال چاولہ نے کہا کہ ہمیں علامہ محمد اقبال کے خطوط و شاعری اور قائد اعظم محمد علی جناح کی تقاریر کو دوبارہ سے دیکھنا ہوگا۔ قائد اعظم کی تقاریر میں کسانوں، مزدوروں اورخواتین کے حقوق کا ذکر بارہا ملتا ہے۔ موجودہ دورہ میں ہمیں ٹیکنالوجی پر فوکس کرنا ہوگا۔ ٹیکنکل ایجوکیشن ضرورت کے مطابق نہیں بنائی تو مفید شہری پیدا نہیں کر سکیں گے۔ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے کہا کہ قومی یگانگت کیلئے ایک نصاب ناگزیر ہے۔ ہمیں تعلیمی نظام کو مرکزی دھارے میں لانا ہوگا۔ نوجوانوں کو نہ صرف ملک کا بلکہ خطے کا نجات دہندہ بننا ہوگا۔ علامہ اقبال مغرب کی ترقی اور مشرق کی زبوں حالی دیکھ کر اسلامی امہ کی بنیاد پر نظریہ پیش کرتے ہیں۔