مقبوضہ کشمیر:بھارتی مظالم جذبہ ٓزادی کو دبانے میں ناکام،تحریک کو مطقی انجام تک پہنچائیں گے۔حریت کانفرنس

Mar 22, 2024


سرینگر(این این آئی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو غیر قانونی بھارتی قبضے میں گزشتہ 76 برس سے قابض بھارتی فورسز کے شدید مظالم اور سیاسی ناانصافیوںکا سامنا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے لیے بے مثال جدوجہد کر رہے ہیں اور قربانیوں کی ایک لا زوال تاریخ رقم کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہے ہیں او ر وہ اپنی منصفانہ تحریک کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کا غیر حقیقت پسندانہ رویہ ، ضد اور ہٹ دھرمی تنازعہ کشمیر کے حل میں بنیادی رکاوٹ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ قوموں کے جذبہ حریت کو مظالم سے ہرگز دبایا نہیں جاسکتا لہذا کو بھارت کو تاریخ سے سبق سیکھ لینا چاہیے اور غرور و تکبر اور استعماری ذہنیت ختم کرجموں وکشمیر پر اپنا جابرانہ قبضہ ختم کرنا چاہیے۔ انہوںنے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں دیر پا امن کا قیام ناممکن ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عالمی برادری کو بھی چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میںبھارت کی طرف سے انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اس پر دباﺅ ڈالے۔

مزیدخبریں