تہران(آئی این پی)ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ کا شرقِ اوسط میں ہر امریکہ مخالف کارروائی کا الزام ایران پر لگانا غلط ہے،تہران کے حمایت یافتہ علاقائی مزاحمت کار گروپوں کے نیٹ ورک میں فلسطینی گروپ حماس، لبنان کی حزب اللہ، عراق اور شام میں مختلف ملیشیا اور یمن میں حوثی شامل ہیں جن کا حوالہ دیتے ہوئے خامنہ ای نے کہا کہ یقینا ہم مزاحمت کا دفاع کرتے ہیں۔ ہم مزاحمتی گروپوں کی حتی الامکان حمایت کرتے ہیںلیکن یہ گروپ آزادانہ طور پر فیصلہ اور عمل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی یمن، عراق، شام، لبنان یا خطے کے دیگر علاقوں میں بہادر مزاحمتی قوتیں کوئی کارروائی کرتی ہیں تو امریکی اپنے حساب سے اس کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتے ہیں۔ یہ غلط حساب کتاب یقینا امریکہ کو گھٹنوں پر لے آئے گا۔خامنہ ای نے کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کے دبا کی وجہ سے امریکی فوجیوں کے پاس خطے سے انخلا کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ نے "مزاحمتی محاذ" کی اہمیت کو نمایاں کیا ہے اور انہوں نے اس محاذ کی مسلسل مضبوطی کی وکالت کی۔خامنہ ای نے اسرائیل کے خلاف لڑنے والے کسی بھی فریق کی ایران کی طرف سے حمایت کا وعدہ بھی کیا۔
شرقِ اوسط میں ہر امریکہ مخالف کارروائی کا الزام ایران پر لگانا غلط ، علی خامنہ ای
Mar 22, 2024