اسلام آباد(آئی این پی) تحریک انصاف کے روپوش رہنما مونس الہی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملے گا تو ویسے ہی ہمیں بھی ملے گا۔سوشل میڈیا پر ایک بیان میں مونس الہی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی باہر آئیں گے تو میرے، حماد اظہر، مراد سعید اور دیگر رہنماﺅں کی واپسی کے امکانات ہوں گے۔مونس الہی نے کہا کہ ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے والا نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے زیادہ کوششیں نہیں ہو رہیں، ہم کور کمیٹی اور وکلا کے ساتھ بھی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وکلا کی توجہ صرف بانی پی ٹی آئی کے کیسز پر ہونی چاہیے، وکلا کی توجہ پریس کانفرنس، ٹاک شوز اور حلقے کی سیاست پر نہیں ہونی چاہیے۔مونس الہی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز پر توجہ ہوگی تو جلد نتائج سامنے آئیں گے۔