پی آئی اے کی 3 پروازوں کی اچانک متبادل ائیرپورٹس پر لینڈنگ

 قومی ائیر لائن پی آئی اے کی ایک دن میں 3 بین الاقوامی پروازوں کو موسمی خرابی کا جواز بنا کر متبادل ائیرپورٹس پر لینڈ کرادیا گیا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دمام سے اسلام آباد کیلئے پی آئی اے کی پرواز پی کے 246 نے آج صبح 5 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا مگر اس پرواز کی منزل اچانک تبدیل کرکے اسے علامہ اقبال ائیرپورٹ لاہور پر لینڈ کرادیا گیا، اسی طرح  پی آئی اے کی دبئی سے پشاور کی پرواز پی کے 184 کو منزل تبدیل کرکے رات تین بجے اسلام آباد لینڈ کرادیا گیا۔ گزشتہ شام پی آئی اے کی جدہ سے اسلام آباد کیلئے اڑان بھرنے والی پرواز پی کے 742 کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی کیا گیا جسے اچانک روٹ سے موڑ کو کراچی اتار لیا گیا تھا۔ اس بوئنگ 777 طیارے کی کراچی منتقلی کی وجہ فنی خرابی بتائی جا رہی ہے تاہم ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ اسلام آباد میں موسم کی خرابی کی وجہ سے پرواز کو ڈائیورٹ کیا گیا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق متعلقہ ملکی ائیرپورٹس پر گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران فلائٹ آپریشن نارمل رہا اور کسی اور ائیر لائن کی پروازوں کو لینڈنگ یا ٹیک آف میں دشواری نہیں ہوئی۔دوران سفر منازل تبدیل ہونے سے لگ بھگ ایک ہزار مسافروں کو مشکلات اور انہیں لینے کیلئے ائیرپورٹس پر پہنچے ان کے پیاروں کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔قومی ائیر لائن کی ان پروازوں کی اچانک دوسرے ائیرپورٹس پر منتقلی سے شہریوں کی دشواری کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ سینکڑوں کی تعداد میں شہری اپنے پیاروں کو لینے کے لیے ائیرپورٹ پہنچے تو پتا چلا کہ وہ کسی اور شہر میں اتر چکے تھے۔ذرائع کے مطابق ان مسافروں کو متبادل ذرائع سے ان کی منزل تک پہنچایا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن