سان ڈیاگو کے چڑیا گھر میں دُنیا کی سب سے چھوٹی نسل کے ہرن ’ڈِک ڈِک‘ کے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو کے چڑیا گھر نے دُنیا کی سب سے چھوٹی نسل کے ہرن ’ڈِک ڈِک‘ کے بچے کی پیدائش کا اعلان کیا ہے۔
چڑیا گھر حکام کا کہنا ہے کہ مادہ ’ ڈِک ڈِک ‘ کو ’ ابیبا ‘ کا نام دیا گیا ہے، جسے ایتھوپیا کی سامی زبان میں ‘پھول‘ کہا جاتا ہے، یہ چھوٹا بچہ ابھی زیادہ تروقت دودھ پینے اور اپنے ڈربے میں گزارتا ہے۔
چڑیا گھر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ڈک ڈک اپنے تحفظ کے لیے دوسروں کی نظروں سے اوجھل رہتا ہے، یہ دنیا کی سب سے چھوٹی ہرن کی نسل کا رکن ہے۔
واضح رہے کہ ڈک ڈک دنیا کے سب سے چھوٹے ہرن ہیں جن کا وزن 6 سے 13 پاؤنڈ کے درمیان ہوتا ہے، یہ جانور اپنے لمبے اور لچکدار نتھنوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، جو سخت گرم افریقی ہوا کو پھیپھڑوں تک پہنچنے سے پہلے ٹھنڈا کر دیتے ہیں