لاہور (کامرس رپورٹر) ماہرین اقتصادیات، کاروباری برادری، سیکرٹریٹ و کلرک تنظیموں نے آئندہ مالی سال 2013-14 کا بجٹ عوام دوست بنانے کے لئے مسلم لیگ (ن) کے متوقع وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر زور دیا کہ وہ جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 16 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد پر لائیں۔ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی اور ماہر اقتصادیات پروفیسر میاں محمد اکرم نے کہا کہ ہر قسم کی آمدنی پر ٹیکس عائد کیا جائے۔ وفاقی ایوانہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے لاءاینڈ آرڈر کے چیئرمین خواجہ خاور رشید نے کہا کہ ٹیکس کی شرح کو دس فیصد تک اور شرح سود کو سات فیصد تک لایا جانا ضروری ہے۔ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدرعبدالباسط، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی، آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما خامس سعید بٹ، نائب صدر خواجہ ندیم سعید وائیں، قومی تاجر اتحاد لاہور کے چیئرمین راجہ حامد ریاض، انجمن تاجران آٹو پارٹس کے صدر وقار احمد میاں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں بجلی پٹرول گیس کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کا اعلان کیا جائے۔ ایپکا پنجاب کے صدر حاجی ارشاد اور سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر ملک اعجاز نے کہا ہے کہ چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔