نواز شریف اور عمران سنجیدہ ہوئے تو مذاکرات میں شامل ہوں گے: سمیع الحق

اسلام آباد(آن لائن + نوائے وقت رپورٹ)جمعیت علماءاسلام سمیع الحق گروپ کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ افغانستان کے طالبان اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں امریکہ نے ہمارے ملک کو افغانستان کے خلاف استعمال کیا نواز شریف مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ افغانستان میں طالبان اپنی آزادی کی جنگ لڑر ہے ہیں اور اس جنگ میں پوری دنیا کے طالبان نے حصہ لیا۔ امریکہ نے ہماری سرزمین کو افغانستان کے خلاف استعمال کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے 45ہزار لوگ شہید ہوئے۔ جو دراصل ہماری حکومت نے مروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف دہشتگردی کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں طالبان سے پوچھیں گے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ تاہم مذاکرات سے قبل ہمیں امریکہ کی جنگ سے نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ مذاکرات کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل حکومتوں نے جو معاہدے کیے وہ امریکہ نے مداخلت کر کے تڑوا دیئے ۔ مولانا صوفی محمد نے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی تھی یہ خلاف ورزی اُس وقت کی حکومت نے کی تھی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نواز شریف اور عمران خان سنجیدہ ہوئے تو تب مذاکراتی عمل میں شامل ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن