تحریک انصاف کے انتخابی دھاندلی کے خلاف کئی شہروں میں مظاہرے، دھرنے جاری

لاہور (سپیشل رپورٹر + نامہ نگاران) تحریک انصاف نے انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں اور کراچی میں اپنی رہنما زہرہ شاہد حسین کے قتل کے خلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کئے۔ صوبائی دارالحکومت میں پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے جائز مطالبات مان لئے جائیں تو ہم نتائج تسلیم کر لیں گے ہم پاکستانی عوام کا مینڈیٹ چرانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ہم چھ حلقوں میں انگوٹھوں کی سکروٹنی کے ساتھ ری کا¶ٹنگ کا مطالبہ کر رہے ہیں، ہم اب 24 مئی کو الیکشن کمشن کے باہر دھرنا دیں گے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعجاز چودھری، عبدالعلیم خان، خورشید محمود قصوری، میاں محمود الرشید، اسلم اقبال، یاسمین راشد، جمشید چیمہ اور دیگر عہدےدار بھی موجود تھے۔ احتجاج تقریباً دو گھنٹے جاری رہا اور کارکن شدید نعرہ بازی کرتے رہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کراچی میں فوج کی نگرانی میں انتخابات نے ثابت کر دیا ہے کہ لوگ تحریک انصاف کو ووٹ ڈالنے نکلے تھے لیکن گیارہ مئی کو دھاندلی نے سب کچھ تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کر دیا پہلی مرتبہ جس پارٹی نے قومی سطح پر الیکشن لڑا اس کو ایک کڑور، 20 لاکھ لوگوں نے ووٹ دیا اور تحریک انصاف نے دوسری بڑی جماعت ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اعجاز چودھری نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ خوشخبری دیتا ہوں عمران کل صحت یاب ہو کر کارکنوں کے درمیان ہونگے گیارہ مئی کو جو ڈاکہ ڈالا گیا اس کی ریکوری کریں گے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنوں نے سوئی گیس روڈ سے ریلی نکالی، ڈی سی او آفس کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر رانا نعیم الرحمن، عثمان سعید بسر، شاہنواز چیمہ، فیصل مختار گوندل اور دیگر نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سینئر رہنما زہرہ شاہد کے قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنوں نے ضلعی آفس کے سامنے مظاہرہ کیا۔ کنور عمران سعید ایڈووکیٹ، شہزاد علی ورک، اشرف گھمن اور دیگر رہنما¶ں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کراچی میں ایم کیو ایم کی دہشت گردی کو نیکل ڈالنے کے لئے آہنی ہاتھ استعمال کرے، شہید زہرہ شاہد کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنوں نے ضلعی صدر چودھری امان اللہ سندھو ایڈووکیٹ کی قیادت میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی اور کراچی میں زہرہ شاہد کے قتل کے خلاف احتجاج مظاہرہ کیا۔ احتجاجی ریلی کچہری بازار، فوارہ چوک، ریل بازار اور ریلوے پھاٹک سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر امان اللہ سندھو نے کہا کہ حالہی الیکشن میں پاکستانی تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی جس کو تحریک انصاف قبول نہیں کرتی۔ کراچی میں ثناءنیوز کے مطابق انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف الیکشن کمشن کے صوبائی دفتر کے سامنے تحریک انصاف کے کارکنوں نے فردوس شمیم نقوی، اشرف قریشی اور دیگر رہنما¶ں کی قیادت میں دھرنا دیا۔ مظاہرین نے زہرہ شاہد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں سرگودھا، کوٹ مومن، گجرات، ساہیوال، اوکاڑہ اور دیگر شہروں میں بھی دھرنوں اور مظاہروں کی اطلاعات ملی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن