اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے رینٹل پاور توہین عدالت کیس میں خط کی واپسی کی استدعا کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں غیر مشروط تحریری معافی نامہ جمع کرا دیا ہے۔ سابق وزیراعظم نے غیر مشروط معافی نامہ اپنے وکیل وسیم سجاد کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کرایا، معافی نامے میں پرویز اشرف نے عدالت سے استدعا کی ان کی جانب سے رینٹل پاور معاملے پر چیف جسٹس کو خط اور کمشن تشکیل دینے سے متعلق جو بات کہی تھی اس کا مقصد صرف یہی تھا میرے خلاف آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے لیکن عدالت نے میرے خط کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے کارروائی شروع کی جبکہ خط لکھنے کا مقصد عدالت کی توہین نہیں تھی۔ معافی نامے میں استدعا کی گئی معافی قبول کی جائے اور خط واپس لینے کی اجازت دی جائے۔ آن لائن کے مطابق غیر مشروط معافی نامہ میں کہا گیا ہے وہ اپنی غلطی کا ادراک کرتے ہوئے خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق معافی نامے میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے خط لکھنے کا مقدمہ عدلیہ کے فیصلوں پر اثرانداز ہونا ہرگز نہیں تھا لہذا عدالت توہین عدالت کی کارروائی ختم کر دے۔
رینٹل پاور توہین عدالت کیس: پرویز اشرف نے سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی
May 22, 2013