لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ اور دوسرے مسائل کے مارے ہوئے عوام اپنی مشکلات کا حل چاہتے ہیں اور انہیں دھرنا سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ یہ وقت احتجاج کا نہیں بلکہ عوام کے مسائل کو مل کر حل کرنے کا ہے۔ احتجاجی مظاہروں کا وقت وہ تھا جب لوڈشیڈنگ، ڈینگی اور سیلاب کے دوران پنجاب کے عوام ایک کرپٹ حکومت کے ظالمانہ رویے پر سراپا احتجاج تھے۔ میں تمام جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے اکھٹے ہو جائیں اور مشرف اور زرداری کے دیئے ہوئے زخموں پر مل کر مرہم رکھیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی واحد ترجیح عوام کے مسائل کا حل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے حکومت میں آنے سے پہلے لوڈشیڈنگ کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں شروع کر دی ہیں، کے پی کے میں تحریک انصاف کی جیت ہوئی ہے۔ مگر وہاں ہارنے والوں نے واویلا نہیں مچایا۔ بلکہ اپنی شکست کو حوصلے اور فراخدلی سے قبول کیا ہے۔ مسلم لیگ ن بھی اپنے مقابلے میں ہارنے والوں سے ایسی ہی توقع رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اگرچہ اکثریتی جماعت نہیں بلکہ سیٹوں کے اعتبار سے سب سے بڑی پارٹی ہے ۔ اس کے باوجود ہم نے کے پی کے میں اس کی طرف سے حکومت بنانے کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹ مار کی گئی۔ اس لوٹ مار میں بدعنوان سیاستدان اور کرپٹ بیورو کریٹ دونوں شامل تھے۔ بلوچستان کابینہ مناسب سائز کی ہو گی۔ دریں اثناءراجن پور سے نومنتخب ارکان اسمبلی جعفر لغاری، شیر علی گورچانی اور سابق وزیراعلیٰ انتخابی مہم کے انچارج سمیع اللہ چوہدری نے سابق وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے راجن پور کے عوام اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ترقیاتی کاموں کو ہمارے مخالفوں نے بھی تسلیم کیا ہے۔